09 جولائی ، 2024
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سبکدوش کردیا گیا۔
وہاب ریاض اور عبدالرزاق سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں رہے، ان کی سبکدوشی کے بعد محمد یوسف اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جب کہ بلال افضل بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔
پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں پی سی بیں۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا کچھ عرصے سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق پر اعتماد برقرار نہیں رہا تھا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے انتخاب میں ان کا عمل دخل زیادہ تھا اور ان سلیکٹرز نے انہی کھلاڑیوں کی زیادہ حمایت کی جنہوں نے پرفارم نہیں کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصے سے ان سلیکٹرز سے رائے بھی نہیں لی جا رہی تھی تاہم پی سی بی کا محمد یوسف اور اسد شفیق پر اعتماد برقرار ہے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے جبکہ وہاب ریاض ٹیم کے سینیئر منیجر بھی تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے اہم ملاقات کی تھی۔
محسن نقوی نے کوچز کو فری ہینڈ دیا اور کہا کہ آپ پر پورا اعتماد ہے، کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگیا تھا، ایونٹ میں اسے نا تجربہ کار امریکا اور پھر بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔