10 جولائی ، 2024
یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
جرمن شہرمیونخ میں کھیلے گئے یورو کپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین اور فرانس کے درمیان تگڑا مقابلہ ہوا۔
فرانس نے میچ کے آٹھویں منٹ میں گول کرکے اسپین کے خلاف برتری حاصل کی۔ فرانس کی جانب سے رنڈال کولو نے گول اسکور کیا۔
اسپین کے خلاف فرانس کی برتری زیادہ دیر نہیں رہی، اسپینش ٹیم کے 16 سالہ لامین یمل نے میچ کے 21 ویں منٹ میں شاندار گول کرکے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔
لامین یمل یورو کپ کی تاریخ میں گول اسکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔یورپی چیمپیئن شپ میں اس سے پہلے سب سے کم عمر اسکورر سوئس کھلاڑی یوہان وونلانتھن تھے جنہوں نے 2004 کے یورو کپ میں 18 سال کی عمر میں فرانس کے خلاف گول کیا تھا۔
21 ویں منٹ میں میچ ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اسپین نے فرانس کے خلاف دوبارہ اٹیک کیا اور میچ کے 25 ویں منٹ میں ڈینیئل اولمو نے شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے مقررہ وقت تک برقرار رہی۔
یوں اسپین نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورو کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ انگلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔