10 جولائی ، 2024
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ ٹوورز میں سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے کچھ کھلاڑیوں کی غیر ضروری طرفداری کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کوچز کے ساتھ دو سیشن مکمل کر لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کوچز کی رپورٹ میں کئی کھلاڑیوں کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا، کوچز نے چیئرمین پی سی بی کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہاب ریاض اور عبد الرزاق کو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جن کھلاڑیوں کی وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے حمایت کی انہوں نے ہی پرفارم نہیں کیا، جن کرکٹرز کی ان دونوں نے حمایت کی دیگر سلیکٹرز نے ان کی مخالفت کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہین آفریدی نے حالیہ ٹورز کے دوران کوچز اور مینجمنٹ اسٹاف سے مبینہ طور پر برا برتاؤ کیا لیکن مینیجر اور وہاب ریاض نے شاہین آفریدی کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیا، ٹورز کے دوران ٹیم ڈسپلن برقرار رکھنا منیجرز کی ذمہ داری تھی، اس چیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی کے خلاف ایکشن کیوں نہ لیا گیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق جن جن کھلاڑیوں کی لابیز ہیں ان کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اس چیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ان لابیز سے کیا کیا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دوروں میں ڈسپلن کی کئی خلاف ورزیاں ہوئیں، کوچز نے لابیز کا بھی تذکرہ کیا، کوچز کا کہنا تھا کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں جس سے ماحول خراب ہوتا ہے، فیملیز کو ساتھ لے جانے اور پھر کھیل پر فوکس ہونے پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دیگر ٹوررز میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
اس کے علاوہ پی سی بی نے قومی ٹیم کے مینیجر منصور رانا کو بھی ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔