10 جولائی ، 2024
کراچی کی جوڈیشل عدالت نے تنخواہ نہ دینے پر کمپنی کے سی ای او کو قتل کرنے والے سافٹ ویئر انجینئر شعیب کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں تنخواہ نہ دینے پر کمپنی کے سی ای او کو قتل کرنے والے ملزم سافٹ ویئر انجینئر شعیب کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شعیب تقریباً 9 ماہ قبل نوکری پر لگا تھا، شعیب کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے رکھی گئی تھی، تین ماہ سے شعیب کو تنخواہ ادا نہیں کی گئی تھی، شعیب کے مطابق اس کے والد کی طبیعت خراب تھی،اس نے مقتول سی ای او سے کہا تھا کہ والد کو ڈاکٹر کو دکھانا ہے۔
ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اسے تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، اُس نے اس حوالے سے سی ای او نوید سے بات کرنا چاہی تو لگا جیسے وہ اس کا مذاق اُڑا رہا ہو، نویدکا لہجہ طنزیہ تھا جس پر طیش پر آکر اسے چھری مار دی۔
کیس کے تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے، ریمانڈ دیا جائے جس پر عدالت نے ملزم شعیب کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزم کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج ہے۔