11 جولائی ، 2024
ان دنوں بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 'پری ویڈنگ' تقریبات جاری ہیں جس میں بالی وڈ سمیت معروف شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر پری ویڈنگ تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز کافی وائرل ہورہی ہیں جس میں کئی اہم بالی وڈ شخصیات کو دیکھا گیا۔
لیکن کترینہ کیف اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریبات میں کہیں نظر نہیں آئیں جس کے بعد ان کے فینز کے ذہنوں میں کئی سوالات نے جنم لیا۔
دوسری جانب کافی عرصے سے یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ کترینہ حاملہ ہیں اور ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
تاہم گزشتہ دنوں ممبئی میں اننت امبانی کے سنگیت کی تقریب میں جب کترینہ کے شوہر اور اداکار وکی کوشل اکیلے پہنچے تو میڈیا نے ان سے کترینہ کیف کی عدم شرکت پر سوال کیے۔
جس پر وکی کوشل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کترینہ کیف اس وقت ممبئی سے باہر ہیں اور اس لیے وہ آج میرے ساتھ نہیں آئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکی کوشل کے اس جواب کے باوجود کترینہ کے فینز مطمئن نہیں ہوئے اور ان کا خیال ہے کہ جوڑے کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے اور اسی وجہ سے کترینہ کہیں تقریبات میں نظر نہیں آرہیں۔
ماضی میں کترینہ اور وکی کوشل کی ٹیم کی جانب سے اداکارہ کے حاملہ ہونے کی افواہوں کی کئی بار تردید کی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی جب کہ جوڑا 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔