11 جولائی ، 2024
سانپ اگر ایک بار کاٹ لے تو انسان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے لیکن اگر کسی شخص کو سانپ نے تقریباً ایک ماہ کے عرصے میں 6 بار ڈسا ہو اور وہ ہر بار زندہ بچ جائے تو یہ کوئی معجزے سے کم نہیں ہے۔
بھارت میں اپنی نوعیت کے کچھ انوکھے واقعات پیش آئے جہاں 24 سالہ شخص کو ایک بار نہیں بلکہ 35 دنوں کے دوران 6 بار سانپوں نے ڈسا اور وہ ہر بار خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع فتح پور کے گاؤں میں وکاس دوبے نامی شخص کو 2 جون سے 6 جولائی کے درمیان 6 بار سانپوں نے ڈسا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وکاس پہلی بار 2 جون کو اپنے گھر میں بستر پر سانپ کے حملے کا شکار بنا جس کے بعد اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں فوری علاج کے بعد وہ ٹھیک ہوگیا۔
لیکن یہ معاملہ یہاں نہیں رکا بلکہ کچھ دنوں بعد وکاس کو پھر گھر میں تین مختلف مقامات پر سانپ نے ڈسا اور پھر اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
4 بار سانپ کا حملہ ہونے کے بعد وکاس کے اہل خانہ نے اسے گھر سے کہیں دور جا کر رہنے کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ اپنے رشتہ داروں کے گھر منتقل ہوگیا لیکن برائی وہاں بھی ختم نہ ہوئی اور وکاس کو رشتہ داروں کے گھر بھی سانپ نے پانچویں بار کاٹ لیا۔
وکاس ایک بار پھر اسپتال سے علاج کروا کر صحت یاب ہوگیا۔
رشتہ داروں کے گھر بھی سانپ کے کاٹنے کے بعد وکاس کے اہل خانہ اسے واپس گھر لے آئے لیکن 6 جولائی کو ایک بار پھر سانپ نے وکاس کو ڈس لیا، اس بار اس کی حالت کافی خراب ہوئی لیکن فوری اسپتال منتقل ہونے کی وجہ سے وہ زندہ بچ گیا۔
وکاس کے مطابق اس نے غور کیا ہے کہ سانپوں نے اسے ہر بار ہفتے اور اتوار کے روز ہی کاٹا۔
دوسری جانب گاؤں والے اور ڈاکٹرز بھی حیران ہیں کہ ہر بار سانپ وکاس کو ہی نشانہ کیسے بناتا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال دنیا میں سانپ کے کاٹنے کے تقریباً 54 لاکھ واقعات پیش آتے ہیں۔