11 جولائی ، 2024
لیونل میسی کی 16 سال پہلے کھینچی گئی تصویر کا آج دنیا بھر میں چرچا ہورہا ہے۔
بارسلونا میں آج سے 16 سال پہلے ایک تقریب میں میسی نے ایک بچے کو گود میں اٹھایا تو کسی کو معلوم نہ تھا کہ وہ بچہ آج ہسپانوی فٹبال ٹیم کا ابھرتا ہوا ستارہ بن جائے گا۔
وہ بچہ لامین یمال تھا جس نے فرانس کے خلاف گول بنا کر اپنی ٹیم کو یورو کپ کے فائنل میں پہنچایا ہے۔
اسپین کو یوروکپ کے فائنل میں پہنچانے والے 16 سالہ لامین یمال کی کچھ تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں وہ نامور فٹبالر میسی کی گود میں ہیں۔
2007 میں میسی نے بارسلونا کے کیمپ نو کے ڈریسنگ روم میں ہونے والی فلاحی تقریب میں ایک نومولود بچے کے ساتھ تصویر بنوائی تھی، یہ فوٹو شوٹ اقوامِ متحدہ کے ادارے یونسیف کی جانب سے منعقد کروایا گیا تھا۔
میسی جو خود بھی اس وقت صرف 20 سال کے تھے، کو اس وقت یہ معلوم نہیں تھا کہ جس بچے کو انہوں نے گود میں اٹھا رکھا ہے وہ مستقبل میں دنیائے فٹبال میں دھوم مچا دے گا۔
یمال 13 جولائی کو یعنی یوروکپ کے فائنل سے ایک دن قبل 17 سال کے ہو جائیں گے۔
یوروکپ کے فائنل میں اسپین کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔