12 جولائی ، 2024
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیدیا۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کروڑوں عوام کےلیے اورجمہوری قوتوں کےلیے آج خوشی کا دن ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا،آئین میں اپنی مرضی کی ترمیم کا راستہ روک دیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں، جس کا جو حق ہے اسے ملنا چاہیے۔
شبلی فراز نے فیصلے پر کہا کہ عدالتوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا آج بہت بڑا دن ہے، طاقتور اور جابر ہمارا حق چھین کر مال غنیمت سمجھ کر سیٹیں دوسروں میں بانٹنا چاہتے تھے، آج کے فیصلے سے آئین کا حلیہ بگاڑنے کےا رادے پرعمل کرنےکاراستہ روک دیاگیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی لارجز بینچ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
لارجر بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ جسٹس منیب اختر، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس اظہر حسن رضوی شامل تھے۔
اس کے علاوہ جسٹس یحیٰ آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عرفان سعادت، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس امین الدین بھی بینچ کا حصہ تھے۔