Time 14 جولائی ، 2024
دنیا

ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کر خوشی ہوئی: امریکی صدر جوبائیڈن

ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کر خوشی ہوئی: امریکی صدر جوبائیڈن
فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے  سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں حملے کی مذمت کی ہے۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران حملے میں زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی جان محفوظ ہے جبکہ ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔

تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا ، ان کے کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے، تاہم سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔

 امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ بالکل محفوظ ہیں اور ان کے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔

واقعہ کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کرخوشی ہوئی، اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

بعد ازاں  خطاب کرتے ہوئے  امریکی صدربائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک ہیں، امریکا میں اس قسم کے تشدد کی کوئی جگہ نہیں،سیکرٹ سروس نے فوری کارروائی کرکے ٹرمپ کو محفوظ مقام منتقل کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری کارروائی پر ان کاشکریہ، جلد ٹرمپ سے بات کروں گا۔

اس کے علاوہ سابق امریکی صدربارک اوباما  نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں،  یہ بات اطمینان بخش ہے کہ ٹرمپ خیریت سے ہیں،میں اور مشل،ٹرمپ کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

مزید خبریں :