14 جولائی ، 2024
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے بعد ان کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے زخمی والد کی تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کر دی۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی جان محفوظ ہے جبکہ ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ میں ریلی میں موجود ایک اور شخص بھی ہلاک اور ایک شدید زخمی بھی ہوا، ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک ہیں اوران کا مقامی طبی مرکز میں چیک اپ کرلیا گیا ہے۔
سابق صدر ٹرمپ نے قانون نافذ کرنیوالوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے گھناؤنے عمل کے دوران فوری طور پر حفاظتی اقدام کیا۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے زخمی والد کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ساتھ لکھا کہ 'والد امریکا کو بچانےکی جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے'۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔
تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا، اس دوران ان کے کان پر خون کے نشانات نظر آرہے تھے، جس کے بعد سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔