Time 14 جولائی ، 2024
دنیا

انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آگیا

انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آگیا
فوٹو: رائٹرز

امریکا: انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولی میرے دائیں کان کے اوپر کے حصے میں لگی، مجھے فوری طور پر لگا کہ کچھ ہوا ہے تاہم جب بہت زیادہ خون بہا تب مجھے پتا چلا کہ کیا ہوا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی حرکت ہو سکتی ہے، گولی چلانے والے کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ نے سیکرٹ سروس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا اور ریلی میں ہلاک ہونے والے شخص کے خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔

ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ

ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔

تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا۔ اس دوران ان کے کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے تاہم سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔

سابق امریکی صدرٹرمپ کو طبی چیک اپ کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :