Time 14 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

اننت امبانی کی شادی میں عالیہ کی 160 سال پُرانی ساڑھی کے چرچے، کیا خاص بات تھی؟

اننت امبانی کی شادی میں عالیہ کی 160 سال پُرانی ساڑھی کے چرچے، کیا خاص بات تھی؟
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی تقریبات کا آغاز مارچ میں 3 روزہ جشن سے ہوا تھا__فوٹو: فائل

بالی وڈ سپر اسٹار عالیہ بھٹ کی امیر ترین تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پہنی جانے والی ساڑھی کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت اور  رادھیکا کی شادی کی تقریبات میں بالی وڈ کے تقریباً زیادہ تر اسٹارز نے شرکت کی، یہاں تک کہ اس شادی کو غیر ملکی فنکاروں اور مشہور شخصیات نے بھی چار چاند لگائے۔

اداکاراؤں کے لباس اس شادی میں خاص طور پر توجہ کا مرکز رہے۔

اسی سلسلے میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی اپنی ساڑھی میں ملبوس تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، انہوں نے گلابی اور گولڈن رنگ کی خوبصورت ساڑھی زیب تن کی جس کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ساڑھی 160 سال پرانی ہے جو گجرات میں خالص ریشم اور اصلی زری بارڈر سے تیار کی گئی ہے۔

عالیہ بھٹ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ صدی پُرانے پلو میں محبت کا جشن منایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ قدیم ساڑھی مقبول ترین بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کی خاص آرکائیو ویو کلیکشن سے لی گئی ہے جس میں بھارت کی ثقافتی میراث کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔

 عالیہ بھٹ کی چھ گز کی قدیم ساڑھی کی تیاری میں 99 فیصد خالص چاندی اور تقریباً 6 گرام اصلی سونا استعمال کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی تقریبات کا آغاز مارچ میں 3 روزہ جشن سے ہوا تھا جس میں امریکی گلوکارہ ریحانہ اور بھارتی گلوکار دلجیت دوسانج کے کنسرٹ بھی شامل تھے۔

امبانی خاندان نے شادی کی تقریبات کے سلسلے میں ایک لگژری کروز پر بھی مہمانوں کو مدعو کیا اور اس کے بعد شادی سے ایک ہفتہ قبل سنگیت کی تقریب ہوئی جس میں گلوکار جسٹن بیبر نے بھی پرفارم کیا۔

مزید خبریں :