Time 10 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

معروف بالی وڈ ہدایتکار کی بیٹی نے اننت امبانی کی شادی کو 'سرکس' قرار دے دیا

معروف بالی وڈ ہدایتکار کی بیٹی نے اننت امبانی کی شادی کو سرکس قرار دے دیا
فوٹو: انڈین میڈیا

بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی 'پری ویڈنگ' تقریبات جاری ہیں جن میں بھارت سمیت دنیا بھر سے نامور گلوکار  اور فلمی شخصیات شریک ہو رہے ہیں۔

 اننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی شادی پر معروف بالی وڈ ہدایت کار  اور فلمساز  انوراگ کشیپ کی بیٹی عالیہ نے تنقید کرتے ہوئے اسے ایک 'سرکس' قرار  دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر  اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات پر تنقید کرتے ہوئے عالیہ کا کہنا تھا کہ انہیں بھی شادی کی تقریبات میں شرکت کی دعوت ملی تھی تاہم  انہوں نے اس میں شرکت سے انکار کردیا کیوں انہیں اپنی عزت زیادہ عزیز ہے۔

عالیہ جو کہ ایک یوٹیوبر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ  اننت امبانی اور  رادھیکا مرچنٹ کی شادی ایک سرکس بن چکی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مکیش امبانی کی جانب سے شادی کی تقریبات میں کچھ انفلوئنسرز کو صرف اور صرف تشہر کے لیے طلب کیا گیا۔

عالیہ کے بیان پر سوشل میڈیا پر خوب بحث ہو رہی ہے اور ان کی حمایت اور مخالفت میں لوگ تبصرے کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی جب کہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔ 

مزید خبریں :