14 جولائی ، 2024
نوشہرہ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے مقامی صحافی جاں بحق ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ اظہر خان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اکبرپورہ میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے صحافی ملک حسن زیب کو نشانہ بنایا۔
ڈی پی او اظہر خان کے مطابق فائرنگ سےصحافی ملک حسن زیب جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حملہ آور سینیئر صحافی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔
حسن زیب بھائی کے ساتھ کارمیں جارہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا جبکہ واقعے میں حسن زیب کے بھائی بال بال بچ گئے۔
مقتول صحافی کے بھائی کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ دوسری جانب آئی جی نے فوری طور پر ڈی پی او نوشہرہ سے ابتدائی رپورٹ طلب کر لی۔
اُدھر پشاورپریس کلب نے صحافی حسن زیب کے قتل کی مذمت کی۔ پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے آئی جی خیبرپختونخوا اور ڈی پی او نوشہرہ سے رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈاپور نے حسن زیب کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔