Time 15 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

شفاف ٹیپ کے سرے کو تلاش کرنے میں مددگار آسان طریقے جانیں

شفاف ٹیپ کے سرے کو تلاش کرنے میں مددگار آسان طریقے جانیں
یہ بہت عام مسئلہ ہے / فوٹو بشکریہ homify

چیزوں کو چپکانے کے لیے ٹیپ جیسے اسکاچ ٹیپ کا استعمال بہت زیادہ عام ہے۔

مگر اس طرح کے ٹیپ رول استعمال کرنے والے افراد کو ایک عجیب مسئلے کا اکثر سامنا ہوتا ہے اور وہ ہے اس کے سرے کو تلاش کرنا۔

یعنی جب آپ کو ٹیپ استعمال کرنا ہوتی ہے تو کچھ وقت تو اس کے سرے کو ہی تلاش کرنے میں گزر جاتا ہے۔

جی ہاں یہ مسئلہ اکثر افراد کو چڑچڑا بنا دیتا ہے کیونکہ ٹپ کے سرے کو تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

اکثر ناخنوں سے بھی اسے تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے خاص طور پر اگر ٹیپ ٹرانسپیرنٹ ہو تو۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند آسان طریقوں سے اس بظاہر معمولی مگر عام مسئلے سے بچنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔

ٹوتھ پک سے مدد لیں

ٹیپ کاٹنے کے بعد ٹوتھ پک کو سرے کے نیچے چپکا دیں، اگلی بار جب ٹیپ استعمال کرنا ہو تو اس ٹوتھ پک سے علم ہو جائے گا کہ اس کا سرا کہاں موجود ہے۔

پیپر کلپ بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے

اپنے کام کے لیے ٹیپ کاٹ کر پیپر کلپ کو لیں اور اسے سرے کے نیچے چپکا دیں۔

اس طرح اگلی بار سرے کو تلاش کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

آنکھوں سے معائنہ کریں

اگر ٹیپ کے سرے کو تلاش کر رہے ہیں تو ٹیپ رول کو ہاتھوں میں پکڑ کر اسے غور سے دیکھیں اور انگلیوں کی مدد سے اس کے سرے کو تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

یعنی انگلی درمیان میں رکھ کر آہستگی سے رول کو گھمائیں اور سرے کی سختی یا موٹائی کو محسوس کرنے کی کوشش کریں۔

اسی طرح تیز روشنی میں ٹیپ رول کو آہستگی سے گھما کر دیکھنے سے بھی سرے کو تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

آٹے سے بھی سرے کو تلاش کرنا ممکن

انگلی کو خشک آٹے میں ڈبو دیں جس سے کچھ مقدار میں ذرات انگلی میں لگ جائیں گے۔

اس کے بعد انگلی کو ٹیپ رول پر گھمائیں ایسا کرنے سے شفاف ٹیپ میں سرے کو تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔

اگر آٹا استعمال نہیں کرنا چاہتے تو ٹالکم پاؤڈر کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

پینسل بھی مددگار

پینسل سے لکیر کھینچتے ہوئے ٹیپ رول کو آہستگی سے گھمائیں۔

اس لکیر سے ٹیپ کے سرے کو تلاش کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

ٹیپ کے سرے کو فولڈ کرلیں

ٹیپ کو کاٹ کر اس کے سرے کو فولڈ کر دیں تاکہ سطح سے چپکنے کی بجائے اوپر کی جانب اٹھ جائے۔

مزید خبریں :