16 جولائی ، 2024
امریکا: ری پبلکن پارٹی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاتلانہ حملے میں بچنے والے سابق امریکی صدر ٹرمپ ری پبلکن کنونشن میں شرکت کے لیے Milwaukee پہنچے۔
پارٹی کے نیشنل کنونشن میں ری پبلکن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کیا۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو اپنا نائب صدارتی امیدوار بنالیا ہے۔ ان کا تعلق پانسہ پلٹنے والی ریاست اوہائیو سے ہے۔
سینیٹر وینس ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ سن 2016 کے انتخابات سے پہلے سینیٹر وینس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو احمق اور قابل مذمت شخص قرار دیا تھا اور ان کا موازانہ ایڈولف ہٹلر سے کیا تھا۔
تاہم پچھلے کچھ عرصے سے سینیٹر وینس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایسے موقعوں پر بھی حمایت کی جب بہت سے اہم ری پبلکن رہنما ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے۔
بہت سے ری پبلکنز کے نزدیک سینیٹر وینس کی جانب سے سوچ میں تبدیلی اور ٹرمپ کی حمایت موقع پرستی کی بہترین مثال ہے۔
سینیٹر وینس یوکرین کو امریکی امداد کے شدید مخالف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نیشنل کنونشن میں شرکا سے خطاب بھی کریں گے۔