Time 16 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

سمندر میں آدھا میل دور تک بہہ جانے والے شخص کی زندگی ایپل واچ نے بچالی

سمندر میں آدھا میل دور تک بہہ جانے والے شخص کی زندگی ایپل واچ نے بچالی
بائرن بے کا منظر / فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

سمندر میں بہہ جانے کے بعد کسی فرد کا بچنا مشکل ہو جاتا ہے مگر ایسے ایک شخص کی زندگی بچانے میں ایپل واچ نے کردار ادا کیا۔

یہ حیرت انگیز واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا۔

آسٹریلیا کے قصبے بائرن بے میں 49 سالہ رک شرمین 13 جولائی کو ساحل پر سرفنگ کر رہے تھے۔

سرفنگ کے دوران وہ سمندر کے ایسے حصے میں پہنچ گئے جہاں کی لہریں آسانی سے ٹوٹ جاتی تھیں۔

اس کے نتیجے میں وہ پانی کے اندر چلے گئے اور سمندری بہاؤ انہیں دور لے گیا۔

سمندر انہیں ساحل سے آدھا میل دور لے گیا اور وہ واپسی کا راستہ تلاش کرنے میں ناکام رہے۔

اس موقع پر انہیں یاد آیا کہ ایپل واچ الٹرا کو ایمرجنسی سروسز سے رابطے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور انہوں نے فوری طور پر ایسا ہی کیا۔

انہوں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رابطے کے بعد ایک گھنٹے تک وہ پانی میں رہے جس کے بعد ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے انہیں باہر نکالا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'اس وقت مجھے سمندر میں کافی وقت ہوگیا تھا اور جسم سوج گیا تھا جس کے بعد ایپل واچ کو استعمال کرنا بھی مشکل ہو گیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپل واچ کو کان میں رکھ کر انہوں نے ایمرجنسی آپریٹر کی بات سنی۔

رک شرمین کے مطابق 'اگر مجھے اس سروس تک رسائی حاصل نہیں ہوتی تو میں ابھی بین الاقوامی پانیوں میں کہیں ڈوب چکا ہوتا، یہ بہت حیرت انگیز ہے کہ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے میں اپنی زندگی بچانے میں کامیاب رہا'۔

مزید خبریں :