18 جولائی ، 2024
پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بڑھتی مخالفت کے سبب امریکا کی ڈیموکریٹ پارٹی نے صدر جو بائیڈن کی بطور دوبارہ صدارتی امیدوار نامزدگی ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن کو دوبارہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی میں ووٹنگ کا آغاز اگلے ہفتے ہونا تھا۔
تاہم ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے اگست کے شروع میں جو بائیڈن کو پارٹی کے نامزد امیدوار کے طور پر باضابطہ طور پر منتخب کرنے کے لیے ورچوئل رول کال ووٹ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے بائیڈن کی بطور دوبارہ صدارتی امیدوار نامزدگی التوا کا شکار ہوگئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دوتہائی ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ بائیڈن دوبارہ صدارتی امیدوار نہ بنیں۔
بائیڈن کی ٹرمپ سے پہلے مباحثے میں بدترین پرفارمنس پر ڈیموکریٹ حلقے تشویش کا شکار ہیں کہ جو بائیڈن اپنے حریف کو نہیں ہرا پائیں گے۔
امریکی صدرجوبائیڈن نےگزشتہ روزایک میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈاکٹروں نے کہا کہ مجھے طبی مسائل ہیں تو انتخاب سے دستبردار ہوسکتا ہوں۔
جوبائیڈن نے کہا کہ چاہتا تھا کہ عبوری امیدوار بنوں اور پھر عہدہ کسی اور کے سپرد کردوں، لیکن تصور نہیں کیا تھا کہ معاملات اس قدر تیزی سے تفریق کا شکار ہوجائیں گے۔