18 جولائی ، 2024
کراچی: گلشن اقبال میں نائی کی دکان پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 14 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 10 میں نائی کی دکان میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جائے وقوعہ سے 8 گولیوں کے خول ملے ہیں، مقتول ساجدکو 6 گولیاں جسم کے مختلف حصوں میں لگی ہیں، فائرنگ سے ایک 14 سالہ لڑکا بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ ملزمان 3 تھے یا 4، جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جائے گی۔
دوسری جانب مقتول ساجد کے ماموں وسیم بروہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول ساجد شریف پر3 سے 4 مسلح افراد نے فائرنگ کی، مقتول مرغی کے گوشت کی دکان پر کام کرتا تھا۔
وسیم بروہی نے مزید بتایا کہ واقعے کے روز دکان بند ہونے کے بعد ساجد قریب ہی قائم جنرل اسٹور سے گھر کے لیے سودا خرید رہا تھا جس دوران تین سے چار نقاب پوش ملزمان نے ساجد پر فائرنگ کردی جس سے ساجد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ساجد کی کسی سے دشمنی نہیں تھی اور مقتول غیر شادی شدہ تھا۔