Time 18 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی میں شدید گرمی کی وجہ کیا ہے؟ موسمیاتی تجزیہ کار نے بتادیا

کراچی میں شدید گرمی کی وجہ کیا ہے؟ موسمیاتی تجزیہ کار نے بتادیا
22 جولائی کے بعد سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کی توقع کی جارہی ہے: جواد میمن/ فائل فوٹو

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کراچی میں شدید گرمی کی وجہ نم آلود ہواؤں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کو قرار دیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی میں مون سون کے دنوں میں بارش کے بجائے معمول سے زائد گرمی پڑرہی ہے، گزشتہ چند ماہ سے بحیرہ عرب کے سطح سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زائد رہ رہا ہے، زائد درجہ حرارت کے باعث بخارات معمول سے زائد فضا میں شامل ہورہے ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ شہرمیں شمال مشرق سے نم آلود ہوائیں بھی چل رہی ہیں، نم آلود ہوائیں اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 55 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کررہی ہے۔

جواد میمن کا کہنا تھا کہ ایران کے قریب غیر معمولی طور پر ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے، ہوا کا زائد دباؤ مون سون ہواؤں کو کراچی، ٹھٹھہ اور بدین تک معمول کے مطابق پہنچنے نہیں دے رہا، ہوا کا زائد دباؤ ایک سے 2 دن میں کم ہونے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق 19 سے 21 جولائی کے دوران کراچی میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے، 22 جولائی کے بعد سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کی توقع کی جارہی ہے جب کہ اگست میں کراچی میں مون سون کا اچھا اسپیل متوقع ہے۔

مزید خبریں :