Time 18 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

104 سالہ خاتون جو 9 دہائیوں کے بعد بھی ریٹائر ہونے کیلئے تیار نہیں

104 سالہ خاتون جو 9 دہائیوں کے بعد بھی ریٹائر ہونے کیلئے تیار نہیں
وہ اب بھی ہر ہفتے 3 بار کام کرتی ہیں / اے ایف پی فوٹو

امریکا سے تعلق رکھنے والی 104 سالہ خاتون اب بھی کام کرتی ہیں اور ان کا ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔

امریکی ریاست Maine سے تعلق رکھنے والی 104 سالہ خاتون ورجینا اولیور 9 دہائیوں سے زائد عرصے سے کیکڑے پکڑنے کا کام کر رہی ہیں اور انہیں اس سے محبت ہے۔

انہیں لابسٹر لیڈی بھی کہا جاتا ہے اور انہوں نے شکار کے کمرشل لائسنس کو ایک بار پھر ری نیو کرایا ہے۔

کچھ عرصے قبل ایک دستاویزی فلم میں انہوں نے کہا تھا کہ 'میں 91 سال سے کیکڑوں کا شکار کر رہی ہوں اور مجھے یہ کام کرنا پسند ہے'۔

جون سے اکتوبر کو شکار کا بہترین سیزن تصور کیا جاتا ہے اور اس دوران وہ اپنی کشتی میں نکل جاتی ہیں اور اپنے 81 سالہ بیٹے میکس ویل کے ساتھ شکار کرتی ہیں۔

وہ دونوں ہر ہفتے 3 بار شکار کرنے کے لیے نکلتے ہیں۔

ورجینیا اولیور نے بتایا کہ 'میں ہر ہفتے 5 دن کام نہیں کرنا چاہتی، مجھے عام ملازمتوں کی طرح کام کرنے کی ضرورت نہیں'۔

وہ ہر صبح 5 بجے اٹھتی ہیں بلکہ کئی بار رات 3 بجے بھی اٹھ جاتی ہیں۔

اٹھنے کے بعد وہ شکار کے لیے پھندوں کے بیگ تیار کرتی ہیں اور میک اپ کرکے تیار ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے 8 سال کی عمر میں پہلی بار اپنے والد کے ساتھ شکار کیا تھا اور جب سے وہ یہ کام کر رہی ہیں۔

104 سالہ خاتون جو 9 دہائیوں کے بعد بھی ریٹائر ہونے کیلئے تیار نہیں
وہ اپنے 81 سالہ بیٹے کے ساتھ کام کرتی ہیں / فوٹو بشکریہ بوسٹن گلوب

انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ بھی یہ کام جاری رکھا حالانکہ اس شعبے میں خواتین بہت کم دیکھنے میں آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'جب میں نے یہ کام شروع کیا تو کوئی اور خاتون ایسا نہیں کرتی تھی، اب ضرور چند خواتین یہ کام کرنے لگی ہیں، اس کام نے مجھے خودمختار بنایا ہے'۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی طویل زندگی کا راز کیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہنا تھا 'آپ کو زندگی گزارنا ہے اور کام جاری رکھنا ہے، یہ آسان نہیں'۔

وہ جسمانی طور پر متحرک رہتی ہیں اور اپنے معمولات کو جاری رکھتی ہیں۔

اپنی زندگی میں انہوں نے کبھی تمباکو نوشی یا الکحل کا استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی ریٹائر ہونے کا ارادہ نہیں رکھتیں اور اپنی موت تک یہ کام رکھیں گی۔

مزید خبریں :