Time 18 جولائی ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ: مخصوص نشستوں کے فیصلے پر ن لیگ کی نظرثانی درخواست کو نمبر الاٹ

سپریم کورٹ: مخصوص نشستوں کے فیصلے پر ن لیگ کی نظرثانی درخواست کو نمبر الاٹ
فوٹو: فائل

اسلام آباد: رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر مسلم لیگ ن کی نظرثانی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق  ن لیگ کی نظرثانی درخواست کو 312 نمبر الاٹ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے میں یہ نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا ہے جس پر ن لیگ نے سنی اتحاد کونسل کی اپیل کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائرکی ہے۔

ن لیگ کی جانب سے دائر درخواست میں سنی اتحادکونسل، حامدرضا اور الیکشن کمیشن سمیت 11 پارٹیوں کو فریق بنایاگیا ہے جب کہ درخواست میں سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ  قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف لینے والے ممبران نے بھی فیصلے پر نظرثانی کے لیے ذاتی طورپر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ممبران علیحدہ علیحدہ سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے جس میں ممبران مؤقف اپنائیں گے کہ ان کو سنے بغیر ان کے خلاف فیصلہ دیا گیا، ان ممبران نے رٹ پٹیشن کے مندرجات پر مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ان ممبران کو رٹ پٹیشن دائر کرنے کا حکم سیاسی جماعتوں نے دیا ہے، بظاہر ممبران ذاتی طورپررٹ دائرکریں گے لیکن انہیں پارٹیوں کی درپردہ حمایت حاصل ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف رٹ پٹیشن آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ 

مزید خبریں :