فیکٹ چیک: کیا شاہد آفریدی نے شوکت خانم اسپتال کو عطیات دینےکی حوصلہ شکنی کی؟

درحقیقت، یکم جولائی کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے شوکت خانم اسپتال کے کام کی تعریف کی۔

کچھ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے الزام لگایا ہےکہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے اصرار کیا ہےکہ لوگ شوکت خانم اسپتال کو چندہ نہ دیں کیونکہ وہ فنڈز  اسپتال کے بجائے ملک کے خلاف آن لائن مہم چلانےکے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

دعویٰ غلط ہے۔ سابق کپتان کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

دعویٰ

4 جولائی کو فیس بک کے ایک صارف نے مندرجہ ذیل تحریر کے ساتھ ایک گرافک شیئر کیا: ”اپنا زکوٰۃ عطیات شوکت خانم کو نہیں کسی غریب ضرورت مند کو دیں، آپ کا دیا ہوا زکوٰۃ سوشل میڈیا اور ملک کے خلاف سرگرمیوں میں استعمال ہوتا، شاہد آفریدی۔“

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو آج تک 200 سے زائد بار شیئر کیا جا چکا ہے۔

فیکٹ چیک: کیا شاہد آفریدی نے شوکت خانم اسپتال کو عطیات دینےکی حوصلہ شکنی کی؟

شاہدآفریدی کے گرافک اور مبینہ بیان کو یہاں اور  یہاں TikTok اور X (جسےپہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر بھی شیئر کیا گیا تھا۔

حقیقت

جیو فیکٹ چیک کو معلوم ہوا ہےکہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

جب شاہد آفریدی سے فون پر پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے سے منسوب بیان کو ”جعلی“ قرار دیتے ہوئےکہا ”کیا آپ کو لگتا ہےکہ میں یہ کہہ سکتا ہوں؟“

جیو فیکٹ چیک نے اس کے بعدشاہد آفریدی کے حالیہ انٹرویوز کا جائزہ لیا تاکہ ان کے ایسےکسی بھی بیان کو تلاش کیا جاسکے، لیکن ایسا کوئی بیان نہیں مل سکا۔

درحقیقت، یکم جولائی کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے شوکت خانم اسپتال کی جانب سے کیے جانے والے کام کی تعریف کی اورکہا کہ ان کے والد کا علاج بھی شوکت خانم اسپتال میں کیا گیا تھا۔ مزید انہوں نے فلاحی تنظیموں پر سیاست کرنے والوں کے خلاف بات کی۔

ان کا انٹرویو درج ذیل لنک پر دیکھا جاسکتا ہے۔ 

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔