19 جولائی ، 2024
دنیا کے متعدد ممالک میں بینکوں، فضائی کمپنیوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، ٹیلی ویژن (ٹی وی) اور ریڈیو نشریات اور سپر مارکیٹس کے سسٹمز امریکی سائبر سکیورٹی کمپنی کے سسٹم میں خرابی کے باعث آف لائن ہوگئے۔
سائبرسکیورٹی کمپنی کراؤڈاسٹرائیک کےسافٹ وئیرمیں خرابی سے دنیا بھر میں مائیکرو سافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز پر کام کرنے والے کمپیوٹرز متاثر ہوئے۔
کراؤڈ اسٹرائیک کے مطابق امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر متعدد ممالک میں ونڈوز ورک اسٹیشنز اسکرین آف ڈیتھ ایرر کی وجہ سے آف لائن ہوئے۔
کمپنی کے مطابق سافٹ وئیر میں ہونے والی خرابی کو شناخت کرلیا گیا ہے اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
دوسری جانب مائیکرو سافٹ نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا مگر اس کے سروس اسٹیٹس پیج پر کہا جا رہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔
البتہ کمپنی نے دن کے آغاز پر کہا تھا کہ صارفین مائیکرو سافٹ 365 تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
برطانیہ میں اس کے نتیجے میں ٹی وی چینلز کی نشریات، ٹرین سروسز اور ائیرپورٹس آپریشنز متاثر ہوئے۔
آسٹریلیا کے میلبرن ائیرپورٹ کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا گیا کہ عالمی ٹیکنالوجی مسئلے کے باعث کچھ فضائی کمپنیوں کا چیک ان کا طریقہ کار متاثر ہوا ہے تو مسافروں کو چیک ان کرنے میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔
امریکا، آسٹریلیا اور کئی ممالک میں مائیکرو سافٹ کے سسٹم میں آنے والی اس خامی کے باعث پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
نیدرلینڈز میں بھی ائیرپورٹ آپریشنز اس کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔
برطانیہ کےایڈنبرا ائیرپورٹ پر خودکار بورڈنگ پاس اسکینرز غیرفعال ہونے کے باعث مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی جا رہی ہے۔
چیک ری پبلک کےدارالحکومت پراگ میں بھی پروازوں کی روانگی اس تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہوئی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور ممبئی ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
تکنیکی خرابی کےباعث اسپین کے مختلف ائیرپورٹس،ترکش ائیرلائن، آسٹریلین میڈیا اور بینکنگ آپریشنز متاثرہوچکے ہیں۔
آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے متحدہ عرب امارات میں بھی تمام الیکٹرونک سسٹمز متاثر ہوئے۔
آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے دبئی ائیرپورٹ کے ٹرمینل 1 اور 2 میں کچھ فضائی کمپنیوں کے آپریشنز متاثر ہوئے مگر اب فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا ہے۔