Time 19 جولائی ، 2024
پاکستان

پاکستان کا افغانستان سے حافظ گل بہادر اور دیگر دہشتگرد گروپوں کیخلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ

پاکستان کا افغانستان سے حافظ گل بہادر اور دیگر دہشتگرد گروپوں کیخلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ
ہم افغانستان سے دہشتگردی میں ملوث افراد اور گروپس کے بارے میں ٹھوس ثبوت، انٹیلی جینس معلومات کا تبادلہ کرتے رہے ہیں، افغان حکام ان عناصر کے بارے میں جانتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو فائل

پاکستان نے افغان سرزمین سے بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر افغانستان کی عبوری حکومت سے پاکستان کے لیے خطرے کا باعث بننے والے حافظ گل بہادر اور دیگر دہشتگرد گروپوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستانی سفارتخانے نے ڈھاکا میں پاکستانی طلبا کو احتجاجی مظاہروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، طلبا کو کہا گیا ہے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا جائے۔

پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم نے افغان حکومت کو حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف کارروائی کا کہا ہے، ہم نے افغانستان کو اپنے تحفظات واضح طور پر ارسال کیے ہیں، افغان حکام سے ان دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان افغان حکام سے گزشتہ کچھ مہینوں سے بات چیت کررہا ہے، ہم افغانستان سے دہشتگردی میں ملوث افراد اور گروپس کے بارے میں ٹھوس ثبوت، انٹیلی جینس معلومات کا تبادلہ کرتے رہے ہیں، افغان حکام ان عناصر کے بارے میں جانتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم نے افغان حکام کو اس حملے کے ماسٹر مائنڈ اور حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف سنجیدہ کارروائی کرنے کا کہا ہے، ہم نے افغان انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ دہشتگرد گروہ کے خلا ف فوری اور موثر کارروائی کرے، افغان حکومت کو ان دہشتگرد گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا افغان حکومت کی طرف سے دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی ناکافی ہے، افغان نائب مشن کو جاری احتجاجی مراسلے کے بارے میں بیان جاری کر چکے ہیں، پاکستان اپنا تحفظ کرتا رہے گا۔

مزید خبریں :