21 جولائی ، 2024
امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اختلافات کا شکار ڈیموکریٹ پارٹی کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تو یہ تک پتہ نہیں کہ ان کا صدارتی امیدوار کون ہے۔
مشی گن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک شخص نے ووٹ لیے مگر وہ اسے امیدوار بنانا نہیں چاہتے۔ڈیموکریٹ پارٹی جمہوری جماعت نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی دشمن ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پراجیکٹ 2025 سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ نہ وہ اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے تو جمہوریت کے لیے گولی کھائی ہے۔ وہ جمہوریت کے لیے خطرہ کیسے ہوسکتے ہیں؟
یاد رہے کہ 14 کو جولائی امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص بھی ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو فوراً ہی مار دیا گیا تھا۔
امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا 20 سال کا مقامی نوجوان تھا جس کی شناخت تھامس میتھیو کروکس کے نام سے ہوئی جو ریاست پینسلوینیا کا ہی رہائشی ہے۔