21 جولائی ، 2024
بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کی جانب سے سوشل میڈیا پر طلاق سے متعلق پوسٹ لائیک کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا پر گزشتہ ایک برس سے ابھیشیک اور بالی وڈ کی کامیاب ترین اداکارہ ایشوریا رائے کے درمیان طلاق کی افواہیں سرگرم ہیں، جن پر جوڑے کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا گیا۔
حال ہی میں دنیا کے امیر ترین تاجروں میں سے ایک مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں ابھیشیک بچن کو اپنے والدین امیتابھ بچن اور جیا بچن کے ہمراہ شرکت کرتے دیکھا گیا جب کہ ایشوریا رائے اور آرادھیا کو تقریب میں تنہا آتے دیکھا گیا۔
ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئیں تو ایک مرتبہ پھر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ دونوں میں معاملات ٹھیک نہیں ہیں۔
ان افواہوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب ابھیشیک نے سوشل میڈیا پر بھارتی صحافی کی جانب سے شیئر طلاق سے متعلق پوسٹ پر لائیک کیا، اس پوسٹ میں درج تھا کہ ’جب محبت آسان نہ لگنے لگے، طلاق کسی کے لیے کبھی بھی آسان نہیں ہوتی، کون خوشی سے زندگی گزارنے کا خواب نہیں دیکھتا لیکن اس کے باوجود زندگی کبھی بھی ویسی نہیں ہوتی جیسی ہم امید کرتے ہیں لیکن جب لوگ اپنی زندگی کا ایک خاص حصہ ایک ساتھ گزارنے کے دہائیوں بعد الگ ہوجاتے ہیں تو وہ کیسے برداشت کرتے ہیں؟'
تاہم اب اداکار کی جانب سے یہ پوسٹ لائیک کرنے کی وجہ سامنے آئی ہے۔
ابھیشیک بچن نے طلاق پر مبنی پوسٹ کیوں لائیک کی؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ریڈٹ پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ اداکار نے زیرک مارکر نامی لکھاری کی وجہ سے طلاق کی پوسٹ لائیک کی۔
صارف نے دعویٰ کیا کہ یہ لکھاری ایشوریا رائے بچن کے پرانے اور قریبی دوست ہیں اور ابھیشیک نے ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پوسٹ لائیک کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ آرٹیکل بھارتی جریدے انڈین ایکسپریس میں شائع ہوا ہے اور آرٹیکل کے لکھاریوں میں زیرک مارکر کا نام بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایشوریا رائے کے بچن ہاؤس چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور امیتابھ بچن نے اپنی بہو کو سوشل میڈیا سے اَن فالو بھی کردیا تھا۔
ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اوران کے گھربیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی۔