Time 22 جولائی ، 2024
بلاگ

کملاہیرس کو صدارتی امیدواربنانےکی کوشش

کملاہیرس کو صدارتی امیدواربنانےکی کوشش
اگر مجموعی ڈیموکریٹ ڈیلی گیٹس میں سے 10 فیصد ڈیلی گیٹس نے کملا ہیرس کی حمایت کردی تو انہیں صدارتی امیدوار بنانا نسبتاً آسان ہوجائیگا: فائل فوٹو

ڈیموکریٹ پارٹی نے کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار یقینی طور پر بنانے کے لیے امریکا بھر میں اپنے ڈیلی گیٹس کو ای فارم جاری کیے ہیں جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ کس صدارتی امیدوار کو نامزد کرنا چاہتے ہیں؟ 

پارٹی کا خیال ہے کہ اگر مجموعی ڈیموکریٹ ڈیلی گیٹس میں سے 10 فیصد ڈیلی گیٹس یعنی امریکا بھر سے اگر تقریباً 200 ڈیلی گیٹس نے کملا ہیرس کی حمایت کردی تو کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار بنانا نسبتاً  آسان ہوجائےگا۔

کملا ہیرس کا تعلق کیلی فورنیا سے ہے تاہم اس ریاست میں بھی بعض سینئر ڈیموکریٹ اراکین نہیں چاہتے کہ کملا ہیرس امیدوار بنیں اس لیے ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اگر کملاہیرس نے 10 فیصد ڈیلی گیٹس یعنی 200 ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کربھی لی تو وہ 100 فیصد صدارتی امیدوار بن جائیں گی، یہ عین ممکن ہے کہ 19 اگست کو ہونے والے ڈیموکریٹ کنونشن کو اوپن کنونشن ڈکلیئر کرایا جائے تاکہ کوئی اور مضبوط امیدوار بھی میدان میں آسکے۔

اتنا واضح ہے کہ اگر 10 فیصد ڈیلی گیٹس نے کملا ہیرس کو صدارتی امیدوار بنانے کی حمایت کردی تو افراتفری کا شکار ڈیموکریٹ پارٹی میں کچھ ٹھہراؤ آجائے گا اور  سمت متعین ہونا شروع ہوجائے گی، اس صورت میں کملا ہیرس اپنا نائب صدارتی امیدوار بھی نامزدکرنے کی پوزیشن میں آجائیں گی۔

ابھی چونکہ بالکل ابتدائی مرحلہ ہے اس لیے یہ واضح نہیں ہے کہ نائب صدارتی امیدوار کون ہوگا اور نہ ڈیلی گیٹس کو یہ بتایا گیا ہےکہ کملا ہیرس صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرلیتی ہیں تو وہ اپنا نائب کسے بنائیں گی تاہم اگر آج یہ 200 ڈیلی گیٹس فارم بھر کے اپنی ڈیموکریٹ پارٹی کو جمع کرادیتے ہیں تو پھر کملا ہیرس کےلیے دوسرا مرحلہ نائب صدارتی امیدوار کو سامنے لانے کا ہوگا۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔