22 جولائی ، 2024
دنیا کے ایک قدیم کلب نےکھلاڑیوں پر چھکا مارنے کی پابندی عائد کردی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گراؤنڈ کے ساتھ واقع گھروں کے رہائشیوں نے بالز سے ہونے والے نقصان پر شکایت کی تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے ایک قدیم کلب ساؤتھ وک اینڈ شورہم کلب نے کھلاڑیوں پر چھکا مارنے پر پابندی لگا دی ہے کیونکہ مقامی لوگوں نے شکایت کی تھی کہ بالز سے گھروں کی کھڑکیوں، کاروں اور شیڈز کو نقصان پہنچ رہا ہے اور حتیٰ کہ بالز مقامی لوگوں کو لگتی ہیں۔
یہ کلب 1790 میں برائٹن کے قریب قائم کیا گیا اور بیٹرز کو بتا دیا گیا ہے کہ پہلے چھکے پر کوئی رن نہیں ملے گا، دوسرا چھکا مارنے پر بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایک بیٹر نے چھکے کو کھیل کی شان قرار دیتے ہوئے اس پابندی کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔
بیٹر کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنیاں کھیلوں میں کام کر رہی ہیں، ان کا فائدہ اٹھانا چاہیے، اگر آپ کرکٹ گراؤنڈ کے ساتھ گھر خریدتے ہیں تو اپنے گارڈن میں چند بالز کی توقع بھی رکھیں۔
اس کے علاوہ گراؤنڈ کے ساتھ رہنے والے کچھ رہائشیوں نے پابندی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ میرے باپ دادا اس گھر میں رہتے رہے ہیں، شروع سے بالز سے گھر میں نقصان ہوا۔
ایک اور رہائشی نے کہا کہ میں پابندی سے متفق نہیں ہوں ، میرے گھر میں کبھی بال نہیں آئی ، مانا گراؤنڈ چھوٹا ہے لیکن چھکا کھیل کا ایک خوبصورت حصہ ہے۔