پاکستان

وفاقی کابینہ کا کل ہونیوالا اجلاس ملتوی، پی ٹی آئی پر پابندی کی منظوری لی جانی تھی

وفاقی کابینہ کا کل ہونیوالا اجلاس ملتوی، پی ٹی آئی پر پابندی کی منظوری لی جانی تھی
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری بھی لی جانی تھی: ذرائع. فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق منظوری لی جانی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی منظوری بھی لی جانی تھی۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ کل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم اس فیصلے پر مسلم لیگ ن کے اتحادیوں کی جانب سے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ حکومت نے اس معاملے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے مسلم لیگ ن کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔

اس معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان ایک اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے  پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز ایک بار پھر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ ہے۔

مزید خبریں :