22 جولائی ، 2024
لاہور میں ڈکیتی اور پھر اغوا کا نشانہ بننے والے مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی خواتین سے متعلق دیے گئے بیان کی پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
لاہور میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا جس کے پیشِ نظر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ آمنہ نے خلیل الرحمان قمرکو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر پر تشددکیا، موبائل،گھڑی اور نقدی بھی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے، بعدازاں ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے زیراستعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش جاری ہے،گرفتار ملزمان میں ہی ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔
ڈرامہ نگار کا پرانا بیان وائرل:
اب سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان قمر کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ خواتین کی مردوں سے برابری کی بات کررہے ہیں۔
ان کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ 'کبھی یہ خبر پڑھی کہ 5 لڑکیوں نے مل کر ایک مرد اغوا کرلیا؟ تو یہ کرو نا، جب برابری کرنی ہے تو یہ کرکے دکھاؤ'۔
خلیل الرحمان کا کہنا تھا کہ 'خاتون بھلے اغوا کرلے پھر مجھے پتا چلے گا کہ یہ برابری کررہی ہے'۔