فیکٹ چیک: گیلپ پاکستان نے ایسا کوئی سروے نہیں کیا کہ 94فیصد پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں

گیلپ نے گذشتہ برس ان سوالات پر مشتمل ایک سروے کیا تھا لیکن اس کے نتائج سوشل میڈیا پر کئے جانے والے دعوؤں سے بالکل مختلف تھے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک وائرل پوسٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے کے مطابق 94 فیصد پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل جھوٹا ہے۔ گیلپ پاکستان نے ایسا کوئی سروے شائع نہیں کیا۔

دعویٰ

10 جولائی کو ایک صارف نے X، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر دعویٰ کیا کہ گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے کے مطابق تقریباً 94 فیصد پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔

صارف نے حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ”شکریہ آئین کو روندنے والو، 2 سال میں پورے ملک کو خود سے متنفر کر دیا۔ “

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 2 ہزار 800 مرتبہ شیئر اور 7ہزار 600 سے زیادہ بار لائیک، جبکہ اس پوسٹ کو 82 ہزار مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

اسی دن ایک اور X صارف نے بھی اسی قسم کا دعویٰ کیا۔ صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”تازہ ترین گیلپ سروے کے مطابق %94 پاکستانی مُلک چھوڑنے کے خواہشمند ہیں، جبکہ دورِ عمران خان میں %100 اوورسیز پاکستانی مُلک واپس آنے کے خواہشمند تھے، یہ اُس وقت ہوتا ہے جب قیادت ایماندار اور قابلِ اعتماد ہو۔“

فیکٹ چیک: گیلپ پاکستان نے ایسا کوئی سروے نہیں کیا کہ 94فیصد پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں

اس پوسٹ کو اب تک 73ہزار سےزائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

فیکٹ چیک: گیلپ پاکستان نے ایسا کوئی سروے نہیں کیا کہ 94فیصد پاکستانی ملک چھوڑنا چاہتے ہیں

اس طرح کے دعوے میڈیا کے اداروں کی طرف سے بھی شیئر کئے گئے۔

حقیقت

گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال اعجاز گیلانی نے آن لائن وائرل ہونے والے دعووں کو ”جعلی“ قرار دیا ہے۔

انہوں نے ٹیلی فون پر وضاحت کرتے ہوئے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ”ہم نے یہ سروے نہیں کیا ہے۔“

بلال اعجاز گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تنظیم نے گذشتہ برس ان سوالات پر مشتمل ایک سروے کیا تھا لیکن اس کے نتائج سوشل میڈیا پر کئے جانے والےدعوؤں سے بہت مختلف تھے۔

19 دسمبر 2023 کو شائع ہونے والے گیلپ پاکستان کے ایک سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ آدھے سے زیادہ پاکستانی، خاص طور پر 56 فیصد جواب دہندگان جو ملک چھوڑنا چاہتے تھے، نے پاکستان میں کم آمدنی کو ہجرت کی خواہش کی سب سے اہم وجہ قرار دیا۔

2023 کا سروے یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی طرح کا ایک اور سروے 18دسمبر 2023 کو بھی شائع ہوا، جس میں بتایا گیا تھا کہ 71 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ پاکستان میں حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں وہ کسی دوسرے ملک نہیں جائیں گے۔ یہ سروے بھی یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

پس، گیلپ پاکستان کی جانب سے کوئی ایسا سروے شائع نہیں کیا گیا جس سے یہ معلوم ہوا ہو کہ 94 فیصد پاکستانی بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں۔ گیلپ انٹرنیشنل کی طرف سے بھی ایسے کسی بھی سروے کے نتائج کو شیئر نہیں کیا گیا ۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔