Time 23 جولائی ، 2024
پاکستان

موسم کی خرابی کے سبب سیالکوٹ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن درہم برہم

موسم کی خرابی کے سبب سیالکوٹ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن درہم برہم
طیاروں کو لینڈ کرنے کے لیے کئی کئی گھنٹے فضا میں چکر کاٹنے پڑے جب کہ فیول ختم ہونے پر ایک غیرملکی پرواز کو لاہور ائیرپورٹ پر اتارنا پڑا/ فائل فوٹو

کراچی: موسم کی خرابی کے باعث سیالکوٹ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں خلل آیا جس کی وجہ سے 8 غیرملکی پروازیں متاثر ہوئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق  سیالکوٹ میں شدید موسمی خرابی کی وجہ سے فلائٹ آپریشن غیر معمولی متاثر ہوا ہے، طیاروں کو لینڈ کرنے کے لیے کئی کئی گھنٹے فضا میں چکر کاٹنے پڑے جب کہ  فیول ختم ہونے پر ایک غیرملکی پرواز کو لاہور ائیرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق موسمی خرابی کی وجہ سے سیالکوٹ کی 8 غیرملکی پروازیں متاثر ہوئیں، دوحہ سے پہنچی قطر ائیر کی پرواز کو سیالکوٹ لینڈنگ کےلیے ڈھائی گھنٹے انتظار کرنا پڑا جسے بعد ازاں فیول کم ہونے پر لاہور لینڈ کرایا گیا۔ 

ذرائع کا بتانا ہے کہ اسی طرح ائیرعربیہ کی شارجہ کی پرواز  بھی ساڑھے 3 گھنٹے چکر کاٹ کر لینڈ کر سکی جب کہ  فلائی دبئی کی دبئی سیالکوٹ کی پرواز بھی ڈیڑھ گھنٹے چکر کاٹ سیالکوٹ لینڈ کرسکی۔

پی آئی اے کی پرواز کو جدہ سے تاخیر سے روانہ کیا گیا  جب کہ سیالکوٹ سے غیرملکی چاروں پروازوں کی روانگی میں بھی غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے۔

مزید خبریں :