23 جولائی ، 2024
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت ٹرائل کے لیے اسلام آباد میں خصوصی عدالتیں تشکیل دے دی ہیں، پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور دیگر کا ٹرائل پیکا ایکٹ کے تحت قائم عدالتوں میں ہونےکا امکان ہے۔
وزارت قانون وانصاف کی جانب سے پیکا ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کا ایس آر او جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے مشاورت کے ساتھ خصوصی عدالتیں تشکیل دی گئی ہیں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سول جج ایسٹ اینڈ ویسٹ کو ٹرائل کا اختیار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے 6 جون کو وفاقی حکومت سے پیکا ایکٹ کے تحت عدالتوں کے عدم قیام پر جواب مانگا تھا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن اور دیگر کا ٹرائل پیکا ایکٹ کے تحت قائم عدالتوں میں ہونےکا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دیگر صوبوں میں متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے جج نامزد ہوں گے۔