25 جولائی ، 2024
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک سیاسی پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہم فریش، فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے رؤف حسن پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے رؤف حسن پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے دسمبر تک تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کا دعویٰ کردیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، ہمیں اکثریت مل جائےگی اور تحریک انصاف حکومت میں ہوگی، یہ مخصوص نشستوں سے متعلق بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ ہمیں نہ ملیں۔