25 جولائی ، 2024
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی کانگریس سے خطاب میں واشنگٹن میں اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ احتجاج کرکے آپ سب لوگ باضابطہ طور پر ایران کے مفید احمق بن گئے ہیں، ہم سب کو سامی مخالف جنگ کی مذمت کرنی چاہیے۔
اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران حمایت یافتہ فورسز امریکا، اسرائیل اور ہمارے عرب دوستوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو ان قوتوں کے سامنے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم یہ جنگ جیتیں گے، اسرائیل کی غزہ میں جنگ بربریت اور تہذیب کے درمیان ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی معاہدے کیلئے مصروف عمل ہیں، اسرائیل کی دل سے مدد کرنے کیلئے صدر بائیڈن کے شکرگزار ہیں۔