Time 25 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بشنوئی گینگ سے جان کا خطرہ، سلمان خان کا بیان سامنے آگیا

بشنوئی گینگ سے جان کا خطرہ، سلمان خان کا بیان سامنے آگیا
فوٹو: فائل

بالی وڈ کےاسٹار اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ بشنوئی گینگ مجھے اور میرے اہل خانہ کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

ممبئی پولیس کو اپنے بیان میں سلمان خان نے بتایا  کہ وہ سمجھتے ہیں کہ  رواں برس اپریل میں ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر لارنس بشنوئی گینگ کی فائرنگ کا مقصد انہیں اور ان کے اہل خانہ کو قتل کرنا تھا۔

سلمان خان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے 14 اپریل کی صبح گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنی رہائش گاہ پر سوتے ہوئے پٹاخوں جیسی آواز سنی تھی، صبح انہیں پولیس گارڈ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے پہلی منزل کی بالکونی پر فائرنگ کی ہے۔

سلمان خان نے پولیس کو بتایا کہ اس سے پہلے بھی  ان پر اور  اہل خانہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی  جس سے متعلق باندرہ پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔

اپنے بیان میں سلمان خان نے  مزید کہا کہ انہیں بعد میں پتا چلا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک فیس بک پوسٹ میں حملے کا اعتراف کیا ہے اور حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ واقعے کے سلسلے میں اداکار کا بیان ممبئی پولیس کی عدالت میں دائر چارج شیٹ کا حصہ ہے۔

مزید خبریں :