Time 25 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

اغواکاروں نے خلیل الرحمان کے سامنے کن اداکاروں کے نام لیے؟ ڈرامہ نگار نے بتادیا

اغواکاروں نے خلیل الرحمان کے سامنے کن اداکاروں کے نام لیے؟ ڈرامہ نگار  نے بتادیا
مجھے لگا کہ یہ مجھے ماردیں گے ، وہ مجھے مارنے کا کہتے تو میں نے کہا ماردو، انہوں نے مجھے 3بار کلمہ پڑھوایا: خلیل الرحمان قمر/ فائل فوٹو

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے انکشاف کیا ہے کہ  اغواکاروں نے میرے سامنے نعمان اعجاز اور صبا قمر کا نام لیا وہ مجھے غلط معلومات دے کر ٹریپ کررہے تھے۔

خلیل الرحمان قمر ان دنوں ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور اس بار ان کی وجہ مقبولیت ان کا بیان نہیں بلکہ ان کے ساتھ پیش آئی واردات ہے۔ 

اسی واردات سے متعلق  ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ ’جس وقت  اغوا کار  مجھے لے کر جارہے تھے مجھے لگ رہا تھا کہ یہ شاید ایجنسیز کا کام ہے، مجھے ڈیڑھ گھنٹہ فلیٹ پر رکھا گیا، اس وقت مجھے ماردینے کی باتیں ہوتی رہیں اس کے بعد  جب ویرانے میں لے کر گئے تو مجھے لگا کہ یہ مجھے ماردیں گے ، وہ مجھے مارنے کا کہتے  تو میں نے کہا ماردو،  انہوں نے مجھے 3بار کلمہ پڑھوایا‘۔ 

خلیل الرحمان قمر نے بتایا کہ ’یہ بات میں نے ایف آئی آر میں نہیں درج کروائی اور نہ ہی میں یہ سب کو بتانا چاہتا تھا  لیکن بتارہا ہوں کہ اغواکاروں نے مجھ سے نعمان اعجاز اور صبا قمر کا نام لیا، اغواکاروں نے مجھے کہا کہ تم نے نعمان اعجاز کو بھی گالیاں دی ہیں‘۔

ڈرامہ نگار نے اس واردات کے پیچھے نعمان اعجاز اور اداکارہ صبا قمر کے ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’میری اغوا کی واردات  ان  لوگوں کی منصوبہ بندی نہیں تھی، نعمان اعجاز سے مجھے نفرت ہے   لیکن ہمارے ذاتی کوئی اختلاف نہیں، مجھے غصہ ہے جس پر میں نے نعمان اعجاز سے نفرت کی اور اس کے بعد میں نے نعمان کو  کبھی کاسٹ نہیں کیا، اس کے باوجود میں نعمان اعجاز اور صبا قمر کو بڑے اداکار مانتا ہوں اور جانتا ہوں کہ وہ  ایسے لوگ نہیں ہیں، اغوا کار مجھے غلط معلومات دے کر ٹریپ کررہے تھے‘۔

ڈکیتی اور اغوا کے واقعے میں 4 ملزمان گرفتار

واضح رہے کہ حال ہی میں  لاہور میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ آمنہ نے خلیل الرحمان قمرکو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر پر تشددکیا، موبائل،گھڑی اور نقدی بھی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے، بعدازاں ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے زیراستعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش جاری ہے،گرفتار ملزمان میں ہی ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔


مزید خبریں :