Time 25 جولائی ، 2024
پاکستان

شیخ رشید کا دو بڑوں سے حکومت کو فارغ کرنے کا مطالبہ

شیخ رشید کا دو بڑوں سے حکومت کو فارغ کرنے کا مطالبہ
یہ تو پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتے تھے، 31 اگست تک فیصلہ آجائے گا، عدالتیں اس دفعہ ان کو روند دیں گی: سابق وفاقی وزیر۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے 31 اگست تک سامنے آجائے گا کہ ملک کی سیاست کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا یہ تو پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتے تھے، 31 اگست تک فیصلہ آجائے گا، عدالتیں اس دفعہ ان کو روند دیں گی۔

ان کا کہنا تھا عدلیہ سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی باتیں کریں گے تو کیا ہو گا، یہ بے وقوف جو کچھ کرتے ہیں فوج بھگتتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا قوم بجلی کے بلوں سے تنگ ہے، بھائی بھائی کو مار رہا ہے، 10 ڈالر بھی کہیں سے نہیں آئے، موجودہ نالائق حکومت ایک نفرت کا نشان ہے، میں دو بڑوں کو کہتا ہوں کہ ان کو فارغ کریں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا 31 اگست تک سامنے آجائے گا کہ ملک کی سیاست کیا ہے، 31 اگست کے بعد میں سیاست میں عملی حصہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ ایک ہی ٹھوس کیس بناتے ہیں لیکن میرے خلاف 14کیسز ہیں، یہ صرف تنگ کرنے کے بہانے ہیں، ہائیکورٹ قرار دے چکی کہ ہمارے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا بھارتی فلمساز مہیش بھٹ نے 2 بار لال حویلی پر فلم بنانے کی درخواست کی لیکن میں نے اجازت نہیں دی۔

مزید خبریں :