25 جولائی ، 2024
اگر کسی طیارے کو حادثے کا سامنا ہو تو اس پر سوار کسی فرد کے بچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔
مگر 24 جولائی کو نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ہونے والے طیارے کے حادثے میں پائلٹ منیش رتنا کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا۔
سوریا ائیر لائنز کا یہ طیارہ پرواز کے فوری بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں اس پر سوار 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
مگر 37 سالہ پائلٹ خوش قسمتی سے بچ گیا اور اسپتال میں علاج کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر ہوگئی ہے۔
منیش رتنا نے کھٹمنڈو کے تربھون انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے Bombardier سی آر جے 200 طیارے کو اڑایا اور اس کی منزل پوکھران نامی قصبہ تھا۔
اس طیارے میں فضائی کمپنی کے تکنیکی عملے کے 17 افراد، ایک پائلٹ اور ایک کو پائلٹ سوار تھا۔
طیارہ اڑان بھرتے ہی رن وے پر کریش کرگیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
نیپالی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نیچے گرتے ہوئے طیارے کا رخ دائیں جانب ہوگیا اور وہ رن وے کے مشرقی حصے پر گرگیا۔
امدادی ورکرز نے پائلٹ کو باہر نکالا اور تصاویر میں دکھایا گیا کہ اس کے چہرے پر خون پھیلا ہوا تھا جبکہ آنکھیں سوج گئی تھیں۔
پائلٹ کو فوری طور پر فوجی ایمبولینس میں کھٹمنڈو میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق منیش رتنا کی حالت مستحکم ہے، مگر اس کی پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ پائلٹ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ شاک کی حالت میں نہیں۔
حادثے کے بعد کاک پٹ طیارے سے ٹوٹ کر الگ ہوگیا تھا جس سے پائلٹ کو بچنے میں مدد ملی۔
نیپالی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پائلٹ کو حادثے کے بعد 5 منٹ کے اندر بچا لیا گیا تھا اور وہ اس وقت بہت زیادہ خوفزدہ ضرور تھا مگر بے ہوش نہیں ہوا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ پائلٹ کو کاک پٹ سے نکالا، طیارہ متعدد حصوں میں تقسیم ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ نیپال میں گزشتہ 3 دہائیوں کے دوران طیاروں کے 27 حادثات ہوئے جن میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔