Time 26 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی موسیقار نے اے آئی سے پاکستانی گانے ’بلاک بسٹر‘ کو رفیع کی آواز میں تبدیل کر دیا

بھارتی موسیقار نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی گانے  'بلاک بسٹر' کو  ماضی کے لیجنڈری گلوکار  محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کردیا۔

ان دنوں پاکستان کے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا گانا 'بلاک بسٹر' مقبولیت حاصل کررہا ہے اور وہ بھارت میں بھی کافی وائرل ہوگیا ہے یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین بھی ٹرینڈنگ گانے کے ساتھ انسٹاگرام ریلز بنانے میں مصروف ہیں۔

ایسے میں بھارت کے موسیقار انشومن شرما نے اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس گانے کے ساتھ منفرد تجربہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انشومن شرما نے  پاکستانی گانے 'بلاک بسٹر' کو مرحوم محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کیا ہے جوکہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہوگیا ہے۔

انشومن شرما نے  70 کی دہائی کے انداز میں گانے کو  دوبارہ بنایا ہے جس کو آدیتیا نے گایا اور پھر اسے اے آئی کی مدد سےمحمد رفیع کی آواز میں تبدیل کیا گیا ہے۔ 

بھارتی موسیقار کا یہ منفرد تجربہ جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو کوک اسٹوڈیو کے گانے بلاک بسٹر کے  پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان المعروف 'زلفی' نے بھی انشومن شرما کی تعریف کی۔

انہوں نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں محمد رفیع کو وہ راگ اور الفاظ گاتے ہوئے سن سکوں گا جو ہم نے لکھے ہیں۔ یہ واقعی جادو ہے، تم لوگوں نے بہترین کام کر دکھایا ہے۔

یاد رہے کہ  ’بلاک بسٹر‘ گانے میں گلوکار فارس شفیع،  عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

2 ماہ قبل ریلیز ہونے والی اس گانے کے یوٹیوب پر 26 میلن سے زائد ویوز ہیں۔ 

مزید خبریں :