27 جولائی ، 2024
راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا لیاقت باغ میں دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے لیاقت باغ میں دھرنے کے باعث 4 متبادل راستے بنائے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مری روڈ پر ٹریفک جنگ بلڈنگ یوٹرن سے موڑا گیا ہے، ڈی اے وی کالج چوک راجہ بازار پر متبادل راستہ دیا گیا ہے اور ایجوکیشن یوٹرن سے ٹریفک مری روڈ پر موڑا گیا ہے جب کہ صدر کی طرف جانے والی سڑک کو راول روڈ کی جانب سے موڑا گیا ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے دھرنے کے سبب بند ایکسپرس وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور فیض آباد انٹرچینج پر رکھےکنٹینرز کو بھی سڑک سے ہٹا کر سائیڈ پر رکھ دیا گیا جب کہ راولپنڈی میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
جماعت اسلامی کو مشروط دھرنے کی اجازت مل گئی
گزشتہ روز راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت اورضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد جماعت اسلامی کو مری روڈ پر ہی 2 سے 3 روز تک دھرنا جاری رکھنےکی مشروط اجازت مل گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ جماعت اسلامی ٹریفک بلاک اورامن عامہ میں خلل ڈالے بغیراحتجاج اور دھرنا دے گی۔
حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے رضامند
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جماعت اسلامی سے بات کرنے کیلئے مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج پر اتفاق کے بعد اسلام آباد کی جانب مارچ کا کوئی جواز نہیں، حکومت حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔