27 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کروانے پر معافی مانگ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افتتاحی تقریب میں جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کروایا گیا جس پر جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ افتتاحی تقریب کے دوران ہونے والے واقعے پر افسوس ہوا۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افتتاحی تقریب میں براڈکاسٹنگ کے دوران غلطی ہوئی تھی اور ہم اس پر معافی مانگتے ہیں۔
دوسری جانب واقعے پر جنوبی کورین وزارت کھیل کے نائب وزیر نے آئی او سی چیف سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور غلطی پر وزارت کھیل نے وزارت خارجہ کے ذریعے فرانسیسی حکام سے احتجاج کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں ہی منتظمین نے مضحکہ خیز غلطی کرتے ہوئے اولمپکس کا جھنڈا الٹا لہرا دیا تھا۔