فیکٹ چیک : پنجاب کی وزیر اطلاعات سے منسوب وائرل ویڈیوکو ڈیجیٹل طریقےسے بدلا گیا

وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون صوبائی وزیر اطلاعات نہیں ہیں۔ کسی دوسری خاتون کی اصل تصویر کو ڈیجیٹلی طور پر بدل کر اس پر عظمیٰ زاہد بخاری کا چہرہ لگا دیا گیا۔

آن لائن صارفین نے ایک ویڈیو کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس ویڈیو میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو ایک نامعلوم شخص کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے۔ وزیر اطلاعات کی تصویر کسی دوسری خاتون کی تصویر پر لگائی گئی ہے۔

دعویٰ

24 جولائی کو X، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف نے ویڈیو سے لئے گئے دو اسکرین شاٹس پوسٹ کئے، جن میں مبینہ طور پر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو دکھایا گیا ہے۔

صارف نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ ”کس کس نے ابھی تک عظمی بخاری کی لیک ویڈیو نہیں دیکھی؟“

فیکٹ چیک : پنجاب کی وزیر اطلاعات سے منسوب وائرل ویڈیوکو ڈیجیٹل طریقےسے بدلا گیا

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 1 ہزار 700 بار شیئر اور 7 ہزار 600 مرتبہ لائک کیا گیا ہے، جبکہ اس ویڈیو کو 5 لاکھ 49 ہزار 700 بار دیکھا گیا ہے۔

ایک اور X صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”عظمی بخاری کی ویڈیو لیک، بھاشن سنو اور کرتوت دیکھو ۔“

فیکٹ چیک : پنجاب کی وزیر اطلاعات سے منسوب وائرل ویڈیوکو ڈیجیٹل طریقےسے بدلا گیا

اس پوسٹ کو اب تک 73 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

اسی طرح کے دعوے یوٹیوب پر یہاں ، یہاں اور یہاں بھی  شیئر کئے گئے۔

حقیقت

وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون صوبائی وزیر اطلاعات نہیں ہیں۔ کسی دوسری خاتون کی اصل تصویر کو ڈیجیٹلی طور پر بد ل کر اس پر عظمیٰ زاہد بخاری کا چہرہ لگا دیا گیا۔

ریورس امیج سرچ انجن کا استعمال کرتے ہوئے اپنی تحقیقات کے دوران جیو فیکٹ چیک کو معلوم ہوا کہ وائرل ویڈیو دراصل ایک پورنو گرافک ویب سائٹ پر تین سال پہلے اپ لوڈ کی گئی تھی۔

اصل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون عظمیٰ زاہد بخاری سے کوئی مشابہت نہیں رکھتی۔

نوٹ: جیو فیکٹ چیک ویڈیو میں موجود حقیقی خاتون کی شناخت کے تحفظ کے لئے اصل ویڈیو سے اسکرین شاٹس یا تصاویر اپ لوڈ نہیں کرے گا، کیونکہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ ویڈیو اس خاتون کی رضامندی سے سوشل میڈیا اپ لوڈ کی گئی تھی یا نہیں۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔