Time 27 جولائی ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز کل ایکشن میں ہوں گے

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز کل ایکشن میں ہوں گے
خواتین کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی سوئمرز ایک ہی ہیٹ میں شامل ہیں— فوٹو:فائل

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز کل ایکشن میں ہوں گے جہاں آرا خواتین کی 200 میٹر فری اسٹائل جبکہ احمد درانی مردوں کے 200 میٹر فری اسٹائل کیلئے پول میں اتریں گے۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے دونوں سوئمرز نے یونرسلٹی کوٹے پر انٹری حاصل کی ہے اور دونوں ہی اتوار کو ایکشن میں ہوں گے۔

مردوں کی 200 میٹر فری اسٹائل میں احمد درانی سمیت 28 سوٰئمرز چار ہیٹس میں ایکشن میں ہوں گے۔ احمد درانی پہلی ہیٹ میں دیگر تین سوئمرز کے ساتھ پول میں اتریں گے جس میں شام کے عمر عباس، سلوانیہ کے ساسو بوسکان اور سربیا کے ویلیمر سیپانووچ شامل ہیں۔

احمد درانی کا انٹری ٹائم ایک منٹ 55 اعشاریہ 68 سیکنڈز تمام مقابل سوئمرز میں سب سے زیادہ ہے۔

تمام ہیٹس کے بعد 28 میں سے 16 بہترین ٹائمنگ کے سوئمرز سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔

دوسری جانب خواتین کی 200 میٹر فری اسٹائل میں جہاں آرا نبی سمیت 31 سوئمرز ایکشن میں ہوں گی۔ جہاں آرا پہلی ہیٹ میں دیگر 6 سوئمرز کے ساتھ نامزد ہیں جن میں بھارتی سوئمر بھی شامل ہیں۔

بھارت کی دھینڈھی دیسنگھو، سعودی عرب کی میشاری مشال، نیپال کی ڈوانا لاما، یو اے ای کی ماہا الشہی کے علاوہ لاوس اور البانیہ کے سوئمرز بھی پہلی ہیٹ میں جہاں آرا کے ساتھ پول میں اتریں گے۔

خواتین کی 200 میٹر میں 31 میں سے 16 بہترین سوئمرز سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل کوالیفائی کرنے کی صورت میں دونوں ایتھلیٹس شام میں پھر ایکشن میں ہوں گے۔

مزید خبریں :