28 جولائی ، 2024
اسلام آباد: جون میں بھارت سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جون2024 میں بھارت سے 2 کروڑ 42لاکھ ڈالرزکی درآمدات ہوئیں، جون میں بھارت سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کمی ہوئی، جون 2023 میں بھارت سے درآمدات کا حجم 2 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے ماہ بھارت سےسالانہ بنیاد پر درآمدات میں اضافہ ہوا تھا، مارچ 2024 میں بھارت سے سالانہ بنیادوں پردرآمدات 48 فیصد بڑھی تھیں اور درآمدات کا حجم 2 کروڑ 73 لاکھ ڈالرز تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران حکومت نے بھارت میں ٹریڈ افسرکی تعیناتی کا عمل روک دیا تھا، بعدازاں پاکستان نے بھارت کےساتھ تجارت میں نرمی کی تھی اور پاکستان نے بھارت کے ساتھ زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کرنے کی اجازت دی تھی۔
یاد رہے پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا درجہ ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کے بعد اگست 2019 میں بھارت کےساتھ تجارت معطل کر دی تھی۔