29 جولائی ، 2024
بالی وڈ میں اپنے مخصوص اسٹائل کے لیے مشہور ہدایتکار و پروڈیوسر کرن جوہر کو لندن میں ایک مداح نے انکل کہہ کر پکارا جو بظاہر انہیں اچھا نہیں لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے لندن گئے ہوئے ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر کرن جوہر کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص نے لندن میں کرن کو دیکھا اور ویڈیو بنانا شروع کی، ویڈیو میں وہ پوچھتا ہے کہ مجھے ابھی ابھی کرن جوہر نظر آئے ہیں، مجھے انہیں کیا کہہ کر مخاطب کرنا چاہیے؟
مذکورہ شخص نے کہا کیا مجھے انہیں کے جو کہنا چاہیے؟ یا صرف کرن؟ کرن جوہر کہوں یا مسٹر جوہر؟ یا مسٹر کرن۔
یہ کہتے ہی وہ کرن جوہر کی طرف گیا اور کہا 'ہائے انکل'، یہ سن کر کرن نے حیرانی سے سوال کیا کہ کیا تم نے مجھے ابھی انکل کہا؟ ساتھ ہی مداح کو قہقہہ لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، کرن جوہر یہ کہہ کر چلے جاتے ہیں جب کہ مداح ہنس رہا ہوتا ہے۔
مذکورہ شخص کے کمنٹس سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین نے اس مداح کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی پوچھا کہ کیا کرن واپس پلٹ کر آئے؟