Time 29 جولائی ، 2024
کاروبار

فچ نے تقریباً 7 ماہ بعد پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کردی

فچ نے تقریباً 7 ماہ بعد پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کردی
فچ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی سے بڑھا کر ٹرپل سی پلس کردی ہے: فائل فوٹو

معاشی درجہ بندی کے ادارے فچ ریٹنگ ایجنسی نے تقریباً 7 ماہ بعد پاکستان کیلئے کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کر دیا۔ 

فچ ریٹنگ ایجنسی نے  پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی کی ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے  ریٹنگ ٹرپل سی سے بڑھا کر ٹرپل سی پلس کردی۔

فچ کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان کی بیرونی فنڈنگ رسائی بہتر ہوئی ہے اور پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے باعث ریٹنگ اپ گریڈ کی گئی، اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے میں رہتے ہوئے پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ 

فچ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی منظوری سے قبل چین، سعودی عرب اور  یواےای سے باہمی معاہدوں کےقرض کو رول اوور کرانا ہوگا۔ 

فچ کا بتانا ہے کہ پاکستان نے حالیہ وفاقی بجٹ میں معیشت کی بہتری کےلیے پالیسی اقدامات کیے ہیں، پاکستان کو ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھانے کےلیے مزید 3 فیصد اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف کو انرجی شعبے، ریاستی ملکیتی اداروں میں اسٹرکچرل اصلاحات اور زرعی آمدن پر ٹیکس لگانےکے لیے قانون سازی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیال رہے کہ فچ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ بہتری سے پاکستان کا عالمی مارکیٹ میں اعتماد بحال ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے قرض دینے میں پاکستان پر اعتماد کریں گے اور کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے سے عالمی مارکیٹ بانڈز کا اجرا بھی بہتر ہو سکے گا۔ 

دوسری جانب  اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے  آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں ایک فیصد کمی کردی ہے۔ شرح سود 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد 19.5 فیصد پر آگئی۔

مزید خبریں :