Time 29 جولائی ، 2024
کھیل

سری لنکن اسپنر کی بھارت کیخلاف دونوں ہاتھوں سے بولنگ، قانون کیا کہتا ہے؟

سری لنکن اسپنر کی  بھارت کیخلاف دونوں ہاتھوں سے بولنگ، قانون کیا کہتا ہے؟
کامندو مینڈس نے بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنے دونوں ہاتھوں سے بولنگ کی—فوٹو: اسکرین گرہب

کرکٹ میں آپ نے ہمیشہ بولر کو ایک ہاتھ سے ہی گیند کرواتے ہوئے دیکھا ہوگا لیکن ایک سری لنکن اسپنر نے انٹرنیشنل میچ میں دونوں ہاتھوں سے بولنگ کروا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔  

سری لنکا کے اسپنر کامندو مینڈس نے بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک ہی اوور میں اپنے دونوں ہاتھوں سے بولنگ کی اور دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ 

سری لنکا کے خلاف جب سوریا کمار یادیو بیٹنگ کررہے تھے تو کامندو مینڈس نے ان کے خلاف بائیں بازو سے بولنگ کی لیکن جب بائیں ہاتھ کے رشبھ پنت کا سامنا ہوا تو انہوں نے اپنے دائیں بازو سے بولنگ کی۔

شائقین کرکٹ کامندو مینڈس کے اس منفرد ٹیلنٹ سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کامندو مینڈس سری لنکا کی جانب سے 3 ٹیسٹ، 7 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

وہ اپنے دونوں ہاتھوں سے بولنگ کروانے کے منفرد ٹیلنٹ کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے سے قبل ہی انڈر 19 کرکٹ سے لوگوں کی نظر میں آچکے تھے۔

دونوں ہاتھوں سے بولنگ کروانے کے حوالے سے قانون کیا کہتا ہے؟ 

سری لنکن اسپنر کی  بھارت کیخلاف دونوں ہاتھوں سے بولنگ، قانون کیا کہتا ہے؟
فوٹو: اسکرین گریب

ایم سی سی کے قوانین کے مطابق بولر دونوں ہاتھوں سے بولنگ کرواسکتا ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ وہ کس ہاتھ سے بولنگ کرے گا اس بات سے وہ امپائر کو آگاہ کرے گا۔

قوانین کی شق 21.1.1 کے مطابق امپائر اس بات کا تعین کرے گا کہ بولر دائیں بازو سے گیند کرانا چاہتا ہے یا بائیں بازو سے اور پھر بولر کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کرنے کے بعد امپائر بیٹر کو مطلع کرے گا۔

لیکن اگر بولر امپائر کو یہ نہیں بتاتا کہ وہ کس ہاتھ سے بولنگ کروائے گا، اس صورت میں امپائر نو بال دے گا۔

مزید خبریں :