Time 29 جولائی ، 2024
پاکستان

جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال میں نے دی تھی، نیوٹرل جانور نہیں، غیر سیاسی ہوتا ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ایک بار پھر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کے باہر احتجاج کی کال دینے کی تصدیق کردی۔

اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہناتھاکہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال میں نے دی تھی، یہ تصدیق تو میں اپنے تین وی لاگز میں بھی کر چکا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی سے کہا تھا کہ مجھے گرفتار کیا تو جی ایچ کیو پر پرامن احتجاج کریں، میری گرفتاری پر کنٹونمنٹ پر بھی احتجاج کریں اور یہ بات 12 مرتبہ پولیس تفتیش میں بھی بتا چکا۔

ان کا کہناتھاکہ جہاں مسئلہ ہوتا ہے وہیں احتجاج کیا جاتا ہے۔

صحافیوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ احتجاج تو پرامن نہیں رہا؟ اس پر انہوں نے کہا کہ احتجاج اس لیے پرامن نہیں رہا کیونکہ انھوں نے پلان بنا لیا تھا، ادارہ کوئی بھی ہو، اس پر تنقید ہونی چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی نے ’نیوٹرل جانور ہوتا ہے‘ کے بیان پر نیا مؤقف اپنالیا اور کہا کہ نیوٹرل جانور نہیں، غیر سیاسی ہوتا ہے، میرا مطلب یہ تھا کہ فوج غیر جانبدار رہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اڈیالہ میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینےکا اعتراف کیا تھا تاہم پارٹی رہنما اسد قیصر نے تردید کی تھی۔

لیکن پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم نے کہا تھا کہ پارٹی اور عمران خان نے فیصلہ کیا تھا کہ جی ایچ کیو پر احتجاج ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :